یمن پر امریکی حملے, شہدا کی تعداد 80تک پہنچ گئی،صنعا میں شدید احتجاج، لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

یمن پر امریکی حملے کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 80تک پہنچ گئی ،صنعا میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں پر امریکی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی طیاروں نے ایک بار پھر صنعا گورنری کے ضلع بنی حشیش کو نشانہ بنایا، جبکہ گزشتہ روز راس عیسیٰ بندرگاہ پر ہونے والے شدید حملے میں شہدا کی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔حوثی رہنمائوں نے کہا کہ بندرگاہ پر حملے کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں آئل ٹرمینل مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حملے میں کم از کم 170 افراد زخمی ہوئے ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کا مقصد حوثیوں کے مالی وسائل اور ایندھن کے ذرائع کو ختم کرنا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملے بند نہ ہوئے تو امریکہ مزید کارروائیاں کرے گا۔ دوسری جانب امریکی حملوں کے خلاف دارالحکومت صنعا میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یمن پر امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے اس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا کی جانب سے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن