فیصل آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے ہمسایہ ملک افغانستان کی ماضی میں بہت مدد کی ہے، افغانستان کی عوام ہمارے ساتھ ہے، حکومت دہشتگردوں کو سہولت دے رہی ہے، پاک فوج کا کوئی جوان دہشتگردوں کی حراست میں نہیں ہے۔ مزمل شہید کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیلئے حاضر ہوا ہوں۔ 22 سالہ مزمل نے وطن کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ جعفر ایکسپریس کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، دہشتگردوں کا کوئی دین ایمان نہیں ہے، مسافروں کو شہید اور قتل کیا گیا، دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشتگردانہ کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں پیش کیا جا سکتا۔ ایک سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا نے وہی پراپیگنڈا کیا جو انڈین میڈیا کر رہا تھا، پوری قوم کو اپنے شہداء اور غازیوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں راء کا ہاتھ ہے، سب دہشتگردوں کی ماں انڈین ایجنسی را ہے، فنڈنگ اور اسلحہ بھی وہیں سے آتا ہے۔ ہم نے ہمسایہ ملک افغانستان کی ماضی میں بہت مدد کی ہے۔ افغانستان کی عوام ہمارے ساتھ ہے، حکومت دہشتگردوں کو سہولت دے رہی ہے۔ پاک فوج کا کوئی جوان دہشتگردوں کی حراست میں نہیں ہے۔ جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہوتے ہی انڈین میڈیا نے شور و واویلا شروع کر دیا۔ یوں لگتا ہے جیسے انڈین میڈیا اور ایک مخصوص سیاسی جماعت کو اس حملے کا پتا تھا، واقعہ کے چند گھنٹوں میں مسلح افواج نے دہشتگردوں کا خاتمہ کر دیا۔ رانا ثناء نے کہا کہ جائے وقوعہ سب کیلئے کھلا ہے، کوئی بھی وہاں جا کر دیکھ سکتا ہے، بلوچستان میں کسی گرینڈ آپریشن کی ضرورت نہیں ہے، پہلے سے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر بیسیوں آپریشن ہو رہے ہیں، دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جا رہا ہے، انشاء اللہ دہشتگرد جلد نیست و نابود ہوں گے۔