وزیراعلیٰ پنجاب کا جدید سائنسی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جدید کلائمیٹ آبزرویٹری بنانے کی منظوری دے دی ہے، جدید سائنسی مرکز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔منصوبے کیلئے بجٹ، آلات اور زمین کی فراہمی اور فزیبلٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس میں یو ای ٹی لاہور نے کلائمیٹ آبزرویٹری کے قیام سے متعلق رپورٹ پیش کر دی۔شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے ہر شعبے کیلئے ماحولیاتی ماہرین تیار کیے جائیں گے، آبزرویٹری میں جدید خود کار کمیونی کیشن سسٹم نصب کیا جائے گا، اس سے سائنسی تحقیق کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی معلومات کے تبادلے میں مدد ملے گی۔اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی معیار کا پروفیشنل اسٹاف منتخب کیا جائے گا، جدید کلائمیٹ آبزرویٹری کے قیام کیلئے زمین کا قبضہ مل گیا ہے، جدید کلائمیٹ آبزرویٹری کی عمارت ای آئی سی ٹی میں تعمیر کی جائے گی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ادارے کو جدید ترین مینجمنٹ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کا پلان دیا ہے، آبزرویٹری کا قیام ماحولیاتی تحفظ سے متعلق بڑا قدم ہے۔

ای پیپر دی نیشن