انصاف فراہمی کیلئے عدلیہ میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینا ہوگا : پنجاب بار کونسل

لاہور( این این آئی) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے کہا ہے کہ بدلتے رجحانات کے تحت اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن نا گزیر ہے ، پنجاب بار کونسل نے اس حوالے سے کامیاب پیشرفت کی ہے اور وکلاء کیلئے لائسنس کے حصول ، تجدید اور سرٹیفکیٹس کے اجراء کیلئے ون لنک کی سہولت کو متعارف کرا یا گیا ہے ،انصاف کی تیز تر فراہمی کے لئے اعلیٰ اورماتحت عدلیہ میں ڈیجیٹلائزیشن  کو فروغ دینا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے ملاقات کے لئے آنے وکلاء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حاجی افضل دھرالہ،سابق وائس چیئرمینز چودھری بابر وحید،کامران بشیر مغل،فرحان شہزاد،سیکرٹری پنجاب بار رفاقت علی سوہل ،اکائونٹ آفیسر رانا عمیر احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے بلا تفریق اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وکلاء مزید بہتری کے لئے قابل عمل تجاویز دیں جن پر پیشرفت کی جائے گی ۔ عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف پروگرام زیر بحث ہیں جن کو عملی جامہ پہنائیں گے اور اس کے لئے ہر ممکن کاوشیں جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کی جانب سے ون لنک پروگرام سے وکلاء کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر آئی ہیں ، وکلاء کے لئے لائسنس کا حصول ، تجدید اور مختلف سرٹیفکیٹس کا اجراء اب صرف ایک لنک پر موجود ہوگا ۔

ای پیپر دی نیشن