وزیراعلیٰ کے وژن پرٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب کو محفوظ بنا رہے ہیں:نور الامین مینگل  

لاہور (نیوز رپورٹر)سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے سول سیکرٹریٹ میں انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے چیمپئنز ٹرافی کے پرامن انعقاد پر سیکرٹری داخلہ کو مبارکباد دی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب بھر کو محفوظ بنا رہے ہیں اور گزشتہ ایک سال میں 150 سال پرانے قوانین کو جدید تقاضوں کے مطابق اپڈیٹ کیا ہے۔  سیکرٹری داخلہ نے کہا قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ماڈرن آلات فراہم کیے اور تمام کریمینلز کا ڈیٹا آن لائن کیا گیا۔ اسی طرح جدید تقاضوں کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور پیرا جیسے ادارے بنا رہے ہیں۔ نور الامین مینگل نے کہا بتایا کہ بین الصوبائی بارڈر سکیورٹی کیلئے پنجاب میں 14 جدید چیک پوسٹس بنا رہے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران جیل ریفارمز پر بہت محنت ہوئی اور اسیران کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے جعفر ایکسپریس کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن