ممکنہ بارشوں سے قبل تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں، بشریٰ منصور  

سکھر(بیورو رپورٹ ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشریٰ منصور کی زیر صدارت ممکنہ بارشوں، سیلاب اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے پیشگی تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بشریٰ منصور نے کہا کہ ممکنہ بارشوں سے قبل تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں اور تمام ادارے مل کر کام کریں تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اے ڈی سی بشریٰ منصور نے میونسپل حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ سیلاب اور بارشی پانی کے نکاسی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ڈسپوزل اسٹیشن کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے اور اسٹینڈ بائی جنریٹرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورت حال میں رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر ایمرجنسی کنٹرول روم ڈی سی آفس میں قائم کیا گیا ہے جس کے لیے اے ڈی سی-ٹو کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا جس میں تمام محکموں کے افسران شفٹ وائز ڈیوٹی سر انجام دیں گے تاکہ کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں ممکنہ بارشوں اور سیلاب کے دوران رضاکارانہ طور پر کام کرنے والوں کی فہرست بھی ڈی سی آفس میں قائم کردہ کنٹرول روم کو فراہم کی جائے تاکہ انہیں فرسٹ ایڈ کی تربیت دی جا سکے۔ اے ڈی سی ٹو نے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں کے لیے خاص کانٹیجنسی پلان بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آنے والی ممکنہ بارشوں کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیشگی طور پر ڈرینج سسٹم کو بہتر بنایا جائے، گندے پانی کے نالوں اور گٹروں کی صفائی کرائی جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ان ہی جگہوں پر ہیٹ اسٹروک کیمپس بھی لگائے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن