لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل خارج کر دی۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے بطور ڈپٹی وزیراعظم تعیناتی کا اقدام درست قرار دے دیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد مرزا نے موقف اپنایا کہ نائب وزیر اعظم نامزد کرنے کا وزیر اعظم کے پاس صوابدیدی اختیار ہے۔ اسحاق ڈار بطور نائب وزیر اعظم اختیارات استعمال نہیں کر رہے، اسحاق ڈار بطور نائب وزیر اعظم کوئی تنخواہ اور مراعات نہیں لے رہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ درخواست ناقابل سماعت ہے، خارج کی جائے۔ انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اپنایا تھا کہ آئین میں نائب وزیراعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں، استدعا ہے کہ سنگل بنچ کا ڈپٹی وزیر اعظم کے عہدے کے خلاف درخواست خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔