پوٹھو ہار ریجن زرعی ترقی کیلئے اہم قرار، میگا پلان منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ کو بھیجا جائیگا،عاشق کرمانی

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پوٹھو ہار ریجن کو زرعی ترقی کیلئے اہم قرار دیا گیا ہے اور اس علاقے میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے 10 ارب روپے مالیت کے میگا پلان کو منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیجا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے پوٹھو ہار ریجن کے ٹرانسفارمیشن پلان کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اْسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی شریک تھے۔ اجلاس میں خطہ پوٹھو ہار کی زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد خطہ پوٹھو ہار میں کاشتکاروں کو سہولت فراہم کرنا اور اْن کے مسائل کو حل کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خطہ پوٹھوہار میں مونگ پھلی کی پیداوار کو3 لاکھ ایکڑ تک بڑھانا چاہتی ہے۔اس کے علاوہ اس علاقے میں زیتون کی 2 ہزار ایکڑ پر کاشت کو یقینی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے پوٹھو ہار ریجن میں ادرک کی کاشت کو فروغ دینے کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔انھوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام کے تحت مری کے باغات کی بحالی اور باڑوں کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی۔اس کے علاوہ معیاری بیج کی فراہمی،جدید زرعی تحقیق اور لیبارٹریوں کے قیام کے ذریعے زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے بھرپور اعانت کی جائے گی۔حکومت پنجاب اس ریجن میں لیزر لینڈ لیولرز،ڈرپ نظام آبپاشی کی تنصیب  اور ویلیو ایڈیشن کے لئے تمام وسائل فراہم کرے گی۔پوٹھو ہار ریجن میں 1 لاکھ ایکڑ رقبے کو جدید آبپاشی کے نظام کے ذریعے قابلِ کاشت بنایا جائے گا اور فصلوں کیلئے پانی کی کمی دور کرنے کے لئے چھوٹے ڈیمز، تالاب اور کنویں بنائے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن