لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے سول سیکرٹریٹ میں انٹرنل سکیورٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان و دیگر سینئر افسران سے ملاقات کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کی سٹریٹیجک اور لاجسٹکس اقدامات بارے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس موجودہ صورتحال میں ہائی الرٹ ہے اور حالیہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھرمیں بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں سمیت تمام اہم مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پنجاب پولیس سکیورٹی اور لا ء اینڈ آرڈر کو یقینی بنائیگی۔ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس اورریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن مکمل ہے۔ پنجاب پولیس اندرونی سکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو اس حوالے سے ضروری اقدامات بارے ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔سکیورٹی کے پیش نظر حساس مقامات، اہم تنصیبات پر نفری کی مناسب تعیناتی، ہیومن ریسورس اور لاجسٹکس کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کی مشاورت سے ممنوعہ اور حساس مقامات کی سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے۔کسی بھی لاء اینڈ آرڈر صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے مناسب تعداد میں اینٹی رائٹ فورس کی تعیناتی یقینی بنائی گئی ہے۔سول ڈیفنس اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ایئر ریڈ وارننگ سسٹم کو فعال اور دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔ سول ڈیفنس اتھارٹی کی مشاورت سے رضا کار وارڈن سروس آرگنائزیشن کو الرٹ اور فعال رکھا گیا ہے۔بارڈر ایریاز سے آبادیوں کے انخلا کیلئے ملٹری حکام کو مکمل معاونت فراہم کی جائیگی۔کسی بھی ادارے کو ضرورت کے مطابق پنجاب پولیس کا ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم اور آلات کی سہولت فراہم کریں گے۔حکومت پنجاب کی طرف سے دیئے گئے پلان کے تحت تمام ضروری اقدامات مقررہ وقت میں کئے جا چکے ہیں۔ پنجاب پولیس اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔پنجاب پولیس کے جوان متاثرہ مقامات پر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔