اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم آزادی صحافت 3مئی 2025کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں آزاد صحافت کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صحافیوں کی جرات مندانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آزاد صحافت جمہوری اقدار کے استحکام، شفافیت کے فروغ اور عوامی شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافی، خطرات اور چیلنجز کے باوجود، اپنے فرائض کو پیشہ ورانہ دیانتداری اور بلند حوصلے کے ساتھ انجام دے رہے ہیں سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت کی آزادی ایک مضبوط اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہے اور قومی ترقی کی سمت میں ایک اہم محرک کا کردار ادا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میڈیا کا دور ہے اور دنیا بھر میں میڈیا نے جدید تقاضوں کے مطابق ترقی کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحافت ریاست کا ایک اہم ستون ہے، اور صحافی تنظیموں و صحافی برادری نے ملک میں جمہوریت کے فروغ اور عوامی خدمت کے جذبے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم ان کی خدمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔