حقیقی ترقی کیلئے مسلمان اپنی مساجد کو آباد کریں، عمران عطاری

اسلام آباد (خبرنگار)دعوت اسلامی کے زیر انتظام چلنے والے جامع المدینہ و مدارس المدینہ کیلئے فیضان مدینہ میں ایک سیشن کا انعقاد ہوا جس میں جامعتہ المدینہ و مدرستہ المدینہ فیضان مدینہ اسلام آباد کے ناظمین، اساتذہ اور سٹوڈنٹس شریک ہوئے، مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ حسنِ اخلاق، حسنِ صفات اور حسنِ اعمال ایسی خوبیاں ہیں جو کسی قوم کو مغلوب نہیں ہونے دیتیں بلکہ انہیں غالب کر دیتی ہیں، ہر فوج اور ہر طاقت کو ان صفات کے سامنے ہتھیار ڈالنا پڑتا ہے، مسلمان اگر حقیقی ترقی کے خواہاں ہیں تو انہیں چاہئے کہ اپنی مساجد کو آباد کریں، دیانت و امانت اور سچائی کو اپنائیں، اپنے اسلاف کی سچائی کا نمونہ بنیں اور اپنے سے کمزور لوگوں کی ہمدردی میں اپنی راحت تلاش کریں۔مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ ترقی کی خواہش ہر ذی حیات اور زندہ قوم کے دل میں ہوتی ہے اور ہونی بھی چاہئے، اپنی حالت کو پہلے سے بہتر بنانے کا جذبہ اگر دل میں نہ ہو تو زندگی کی برکات سے محروم ہونا لازمی ہے، اصل ترقی یہ ہے کہ انسان کے ذاتی اوصاف اور اعمال پہلے سے عمدہ اور بہتر ہوجائیں ، مسلمان پاکیزہ صفات اختیار کریں، ان کے اعمال اسلامی تعلیمات کے مطابق ہوں اور ان کی زندگی میں اسلامی شان و شوکت ظاہر ہو تو یہ حقیقی ترقی ہے، جب مسلمان اس معیار پر آجائیں گے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں پامال نہ کر سکے گی۔

ای پیپر دی نیشن