جنڈیالہ شیر خان: جائیداد ہتھیانے کیلئے جعلی پیر نے بھائیوں سے ملکر بیوہ بہن کو پھانسی دیدی
جنڈیالہ شیرخان/ جھبراں (نامہ نگاران) گوجرانوالہ روڈ کی آبادی کوٹ رنجیت سنگھ میں جعلی پیر نے اپنے بھائیوں کی مدد سے بیوہ بہن کی قیمتی جائیداد ہتھیانے کی خاطر اسے وحشیانہ انداز میں گھر کے سامنے درخت سے لٹکانے کے بعد گولیاں مار کر قتل کردیا اور پھر قبرستان میں گڑھا کھود کر اسے دبانے کی کوشش کی تو اس دوران پولیس کو اس بہیمانہ واقعہ کی اطلاع مل گئی اور فوری کاروائی کرتے جعلی پیر نواز، بھائی اویس اور تین ملنگوں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا اور مقتولہ کے دیور علی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ قبل ازیں جعلی پیر اپنے بہنوئی محسن رضا کو بھی پانچ ماہ قبل قتل کرچکا ہے جسے پولیس نے اس وقت عدم ثبوت کی بناء پر چھوڑ دیا تھا۔ مقتولہ عظمیٰ بی بی کی پانچ سال قبل محسن رضا سے شادی ہوئی اور وہ ایک بچی کی ماں ہے جس کے حصے میں وراثتی جائیداد میں سے ایک ایکٹر زرعی اراضی جو موٹر وے سے ملحقہ ہے جس کی قیمت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے کے نام ہوگئی بھائی یہ جگہ اس سے زبردستی اپنے نام منتقل کروانا چاہ رہے تھے اور اسی رنجش پر پہلے اسکے شوہر کو قتل کردیا اور اب چار روز قبل جعلی پیر سمیت اسکے تین بھائی مقتولہ کے سسرال گئے اور منت سماجت کرکے صلح کرنے کے بعد اپنی بہن کو گھر لے آئے جہاں اسے جائیداد کی منتقلی پر مجبور کیا اور انکار پر گھر کے سامنے پلاٹ میں درخت کے ساتھ پھانسی دیدی اور پھر اسے گولیاں ماری گئیں۔ بعدازاں نعش کو غائب کرنے کیلئے گڑھا کھود کر دفنانے کی کوشش کی تو پولیس کو اطلاع مل گئی جنہوں نے اسے گرفتار کرلیا۔