ایران کی راہداری منصوبے میں تعاون کی پیشکش، اضافی کراسنگ پوائنٹس کھولنے پر بھی آمادہ
لاہور (آن لائن+ صباح نیوز) ایران نے پاکستان، چین اقتصادی راہداری منصوبے میں تعاون کی پیشکش کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی قونصلر نے ایران کے قومی دن کے موقع پر میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا ایران سعودی عرب کے ساتھ تنازعہ کے حل کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے، ایران کے پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم ہیں، ایرانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے رضا مند ہیں، پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مزید معاہدے ہوسکتے ہیں، ایران توانائی کے میدان میں پاکستان سے مزید تعاون کریگا۔ صباح نیوزکے مطابق پاکستان ایران دوطرفہ تجارت کی نئی راہیں کھلنے کا امکان پیدا ہوگیا۔ وزارت تجارت نے پاکستان، ایران بارڈر پر اضافی پوائنٹس کھولنے کی سفارشات وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہیں۔ تجارتی پابندی اٹھتے ہی پاکستان، ایران نے دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے عملی اقدامات شروع کردیئے ہیں اور وزارت تجارت نے پاک ایران بارڈر پر اضافی کراسنگ پوائنٹس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کو ارسال دستاویز کے مطابق ایران گبد ریمدان رادک پشین سرحد پردو اضافی کراسنگ پوائنٹس کھولنے پر تیار ہے۔ ایران پہلے اضافی کراسنگ پوائنٹس کھولنے پر آمادہ نہیں تھا۔ وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے جون میں ایران پر بینکنگ چینلز پر پابندی ختم ہوجائیگی جس سے دوطرفہ تجارت میں اضافے کی امید ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی بنک کے ساتھ بھی اجلاس کئے جارہے ہیں جب کہ دونوں ممالک نے بنیادی ہوم ورک شروع کردیا ہے۔