کراچی میں تشدد جاری، کانسٹیبل سمیت 5ہلاک، پولیو ٹیم پر فائرنگ، ایدھی سنٹر پر بم حملہ
کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی میں منگل کے روز بھی گولیاں چلتی رہیں اور پولیس اہلکار سمیت 5افراد کو قتل کر دیا گیا۔ پولیو ویکسین پلانے والی ٹیم پر بھی فائرنگ کی گئی جبکہ سہراب گوٹھ میں ایدھی ہوم پر دستی بم سے حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلال کالونی کورنگی میں موٹر سائیکل سوار افراد نے پولیس کانسٹیبل 35سالہ جاوید اقبال کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ وہ بس سٹاپ پر کھڑا تھا اور جیکسن تھانے میں تعینات تھا۔ کورنگی ہی کے علاقے قیوم آباد میں ایک اور شخص 61سالہ بخت زادہ کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ وہ ریتی بجری کے ڈمپر کا مالک تھا اور ٹرک اڈے کے نزدیک ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا اس کے علاوہ بلدیہ کے علاقے قائم خانی کالونی میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان 22سالہ یاسر کو تشدد اور بیلچے کے وار کرکے ہلاک کر دیا۔پاک کالونی میں فائرنگ سے نامعلوم شخص جبکہ پی آئی بی کالونی میں 27سالہ اکرم جاں بحق ہو گیا۔ اورنگی ٹاﺅن کے علاقے میٹروول میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر گولیاں برسا دیں جس سے خاتون سمیت 3افراد جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں8افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر بلدیہ ٹاﺅن کے علاقے سعید آباد میں پولیو ویکسین پلانے والے محکمہ صحت کے ورکروں پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی تاہم وہ محفوظ رہے۔ پولیس نے قریبی گھر سے فائرنگ کرنے والے شخص، دو خواتین سمیت 6افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس واقعہ کے بعد سعید آباد میں پولیو مہم روک دی گئی۔ علاوہ ازیں رینجرز نے سہراب گوٹھ، مدینہ کالونی اور افغان بستی کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کیا اور 8جرائم پیشہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ اسی طرح سہراب گوٹھ میں موٹر سائیکل سواروں نے ایدھی سینٹر پر دستی بم پھینک دیا، دھماکے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔