اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) گزشتہ دو دنوں سے بھارتی پروپیگنڈا اکاؤنٹس، پی ٹی آئی ، فتنہ الخوارج اور کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) ایک منظم میڈیا مہم کے ذریعے یہ تاثر پھیلا رہے ہیں کہ افغان فورسز نے سرحد عبور کر کے پاکستانی پوسٹوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ بے بنیاد پروپیگنڈا مہم 9 مئی اور 26 نومبر کی طرز پر سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی جھوٹی خبروں کی بھرمار اور پروپیگنڈا کو بطور "فورس ایمپلی فائر" استعمال کرنے کی ایک کوشش ہے۔ جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ زمینی حقائق کے مطابق، افغان فورسز نے دو مقامات، کرم اور شمالی وزیرستان، سے دراندازی کی کوشش کی اور بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کی۔ تاہم، پاکستانی افواج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے انہیں پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس کے علاوہ، افغان جیٹ مار گرائے جانے یا افغان فورسز کے سرحد عبور کرنے کی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق چاہے بھارت ہو، افغانستان یا کوئی بھی اور ملک، پاکستان کی سرحد عبور کرنے کی جرات کسی میں نہیں۔ پاکستان اپنی سالمیت اور علاقائی خود مختاری کے تحفظ کا ہنر جانتا ہے اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کے خلاف جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا ہے۔ تاہم، یہ بات واضح ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں اور قومی خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ پاکستان کی افواج اور عوام ملک کی سالمیت اور وقار کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا پروپیگنڈا مہم کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔