لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہلحدیث کے وفد کی صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیرکی قیادت میں سعودی عرب میں مسجد نبویؐ کے مؤذن اور جامعہ اسلامیہ کے استاد الشیخ ڈاکٹر ایاد الشکری سے ملاقات کی۔ وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔وفد میں چیئرمین علامہ طارق محمود یزدانی، خیبر پختونخوا کے صدر مولانا فضل الرحمن مدنی اور حافظ عبید الرحمن مدنی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خام حرمین شریفین کی امت مسلمہ اور عالم اسلام کے سن کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور جمعیت اہلحدیث کی زیر نگرانی جاری علمی، دعوتی اور رفاہی خدمات پر تفصیلی گفتگو ہوئی،جس پر الشیخ ایاد الشکری نے جمعیت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں امت مسلمہ کیلئے مثالی قرار دیا۔ وفد نے الشیخ ڈاکٹر ایاد الشکری کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کرتے ہوئے پاکستان کے علماء اور عوام سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے اس موقع پر کہا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توحید و سنت کی بنیاد پر قائم رشتہ انتہائی مضبوط ہے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دینی خدمات اور عالم اسلام کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔