نوشہرو فیروز (نوائے وقت رپورٹ) نوشہرو فیروز کے علاقے ہالانی میں پسند کی شادی پر جرگے نے لڑکے کی دو کمسن بہنیں ونی کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ علی مراد چانگ کے رہائشی خمیسو خان کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے شیر محمد نے دو ماہ پہلے ایک خاتون سے پسند کی شادی کی جس پر گاﺅں کے وڈیرے نے برادری کا جرگہ بلا لیا۔ جرگے میں اس کی دو کمسن بیٹیوں کو ونی کرنے کا فیصلہ سنایا گیا۔ ونی کی گئیں بہنوں میں 5 سالہ بیگم اور 6 سالہ کونج شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ جرگے کا فیصلہ ماننے سے انکار پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ سماجی اور انسانی حقوق کی کارکن فرزانہ باری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ونی کے خلاف قانون سازی ہو چکی اور سزا بھی مقرر کی جا چکی ہے۔ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے سول سوسائٹی کو متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔