وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اہم ملاقات, ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین ایشو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھارت کے غیر منطقی اور یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں پر مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں لیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمن کو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔ اسی موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مودی مسلمان دشمن ہے۔ اسلام اور مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہو جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمن کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔