سری نگر(کے پی آئی)بھارتی فورسز نے 43سالہ سماجی کارکن غلام رسول ماگرے کو کپواڑہ میںگھر میں گھس کر گولی ماردی ہے شدید زخمی غلام رسول ماگرے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے ایک اور جعلی مقابلے میں کشمیری نوجوان الطاف لالی کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا گیا۔ الطاف لالی کو بھارتی فوج نے 22 اپریل کو ان کے گھر سے اغوا کیا تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ پہلگام میں 22 اپریل 2025 کو سیاحوں پہ ہلاکت خیز حملے کے بعد جموں کشمیر میں نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے ، فورسز کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں ، اس دوران مشرق و مغرب ، جنوب و شمال ، بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، زینہ پورہ شوپیاں ، بجبہاڑہ اسلام آباد اور ترال پلوامہ میں 5 نوجوانوں پہ پہلگام حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر ان کے مکانات منہدم کئے گئے ہیں جبکہ دو ہزار کے لگ بھگ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے شہریوں کو اب گھروں سے محروم کرکے ہجرت پر مجبور کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے بھارتی فوج نے کم از کم 12 کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل اور پہلگام واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں لوگوں کا قتل ایک معمول بن چکا ہے۔ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فورسز اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیری نوجوانوں کوبے دردی سے قتل کررہی ہیںلیکن پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔دوسری جانب ربی جے پی کے زیر اقتدربھارتی ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، گجرات، مہاراشٹرا اور کرناٹک میںکشمیری طلبا کو ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد کشمیری طلبا تعلیم کو چھوڑ کر اپنے گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہیں۔