بھارت کی انٹیلی جنس ناکامی پر عوام اور حکومتی عہد یدار سیخ پا

بھارت کی جانب سے اپنے ہی ملک میں جعلی دہشتگردانہ حملے کروا کر ان کا الزام پاکستان پر عائد کرنا کوئی نئی بات نہیں نہ ہی ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ بھارت میں کسی دہشتگردی کے واقعہ میں پاکستان کو ملوث قرار دیا گیا ہے لیکن دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے ہمیشہ بے بنیاد اور جھوٹے پراپیگنڈے کی بنیاد پر پاکستان پر الزام تراشی کی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ اب تو چین اور ایران سمیت دیگر ممالک کے علاوہ خود بھارتی سکھ اور کشمیری بھی پاکستان کی حمایت میں واضح مؤقف دے چکے ہیں۔ سکھ علیحدگی پسند تنظیم نے تو کھل کر یہاں تک کہہ دیا ہے کہ بھارتی فوج کو پاکستان تک پہنچنے کے لئے بھارتی پنجاب سے گزرنا پڑے گا اور سکھ کبھی بھی بھارتی فوج کو راستہ نہیں دیں گے۔ حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہوئے دہشت گردی کے حملے کے بعد بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ناکامی پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ کس طرح سات لاکھ فوج وادی میں تعینات ہونے کے باوجود اس قدر اہم سیاحتی مقام پر اسلحہ بردار پہنچے اور انہوں نے غیرملکی سیاحوں کو نشانہ بنایا۔ اس بہت بڑی انٹیلی جنس ناکامی پر نا صرف بھارتی عوام اور حکومتی عہدیدار سیخ پا ہیں بلکہ خود بھارتی میڈیا بھی مودی سرکار کے ڈراموں کو ایکسپوز کرنے لگا ہے۔ بھارتی صحافی راہول پنڈیتا کا کہنا ہے کہ پہلگام حملہ کہیں نہ کہیں بھارتی فوج کی انٹیلی جنس ناکامی ہے، جبکہ سابق حکومتی اہلکار رادھا کمار نے سوال اٹھایا ہے کہ سی آر پی ایف کی پوسٹ کو الرٹ جاری ہونے کے باوجود کیوں ہٹا دیا گیا تھا، ایک کوتاہی کے بعد مزید کوتاہیاں برتی گئیں جیسے پلوامہ میں ہوا تھا۔بھارتی ریٹائرڈ کرنل اجے شکلا نے کہا کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کا جھوٹا بیانیہ بیشتر بھارتیوں کی جانیں لے چکا ہے۔ بھارتی شہری سدھارت واردھان نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کا شمار اْن لوگوں میں ہوتا ہے جو سب سے زیادہ غیر ذمہ دار ہیں۔ جنرل ریٹائرڈ وی پی ملک کہتے ہیں کہ میرا سوال یہ ہے کہ بھارتی انٹیلی جنس کو کیا ہوا اور ناکامی کیوں ہوئی۔ مودی کی مسلم دشمنی مہم سے تنگ آئے ہوئے بھارتی شہری بھی اپنی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھارتی شہریوں کا خیال ہے کہ پہلگام حملے کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کھل کر سامنے آگئی ہے۔ درحقیقت ہندو مسلم فساد کو ہوا دے کر مودی سرکار مسلمانوں کے حقوق سلب کرنے میں مصروف ہے۔کشمیری مسلمانوں کو بدنام کر کے ان کے گھروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اتراکھنڈ میں دہشتگردی کا جھوٹا لیبل لگا کر سینکڑوں کشمیری مسلمانوںکے گھر اور مساجدمسمار کر دی گئی ہیں۔ جبکہ بھارتی عوام نے مودی کا یہ نفرت انگیر بیانیہ مسترد کردیا ہے۔پہلگام حملے کے دوران بھارتی سیاحوں نے مدد کرنیوالے کشمیری مسلمانوں کے اچھے رویے کا اعتراف اور اسے انسانیت کی مثال قرار دیا ہے۔بھارتی سیاحوں کے مطابق کشمیری مسلمانوں نے حملے کے دوران ہماری جان بچائی اور رہنے کو چھت دی۔
 سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مودی کا نفرت انگیز بیانیہ بھارتی عوام کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مذہبی منافرت کو سیاسی طاقت بنانے پر مودی کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔دوسری جانب پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی میڈیا کی سازش بھی بے نقاب ہو چکی ہے جبکہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب بھی دیا ہے۔ بھارتی میڈیا پاکستانی میڈیا کی رپورٹنگ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے اورپاکستانی ڈیجیٹل وار فیئر نے بھارتی پروپیگنڈے کو روند ڈالا ہے۔ اس بات کا اعتراف ممتاز بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے نے بھی کیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی میڈیا نے پاکستانی میڈیا پر الزام لگایا کہ فالس فلیگ کا ڈرامہ رچا کر پاکستان عالمی برادری کی ہمدردی بٹورنا چاہتا ہے، الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی بھارتی بیانیے کو بدترین شکست ہوئی، ٹوئیٹر کی ہزاروں سے زائد پوسٹوں میں مودی تنقید کی زد میں ہیں۔ 
بھارتی میڈیا یہ اہم سوال اٹھا رہا ہے کہ بھارت میں گزشتہ 20 برسوں میں ہونے ہر بڑے واقعہ کے رونما ہونے کے وقت حکومت ہمیشہ بی جے پی کی ہوتی ہے اور الزام پاکستان پر آتا ہے، تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اب بھی چونکہ  
ریاست بہار کے الیکشن سے پہلے ہی مودی کی مقبولیت پٹ چکی ہے، اس لئے مسلم دشمنی کا پرانا کارڈ کھیلنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے اور دنیا پریہ حقیقت آشکار ہو چکی ہے کہ بھارت خود اپنی ناکامیوں کا اکیلا ذمہ دار ہے اور اقلیتوں کے خلاف مظالم میں ملوث ہے۔ اسی لئے بھارتی پنجاب کے سکھوں نے اعلانیہ طور پر پہلگام واقعہ کی ذمہ داری مودی حکومت پر ڈالتے ہوئے بھارتی فوج کا پنجاب میں راستہ روکنے کا اعلان کر کے جنگ کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ دوسری جانب چین نے پاکستان کو ان الزامات سے بری کرتے ہوئے کھل کر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھارت کے کسی بھی ایڈوینچر کی صورت میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن