کراچی (اسٹاف رپورٹر)گزشتہ روز شارعِ فیصل پر تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر بیٹھے میاں بیوی پر چڑھ گئی تھی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔پولیس کی جانب سے اس افسوس ناک واقعے پر رپورٹ جاری کی گئی ہے۔رپورٹ مطابق واقعے کے ملزم 17سال کے کار ڈرائیور عتیق کے پاس ڈرائیونگ لائسنس اور قومی شناختی کارڈ موجود نہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ افطار کے بعد پیش آیا جب شارع فیصل پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوتا ہے۔پولیس کی رپورٹ کے مطابق کار میں 3دوست بھی سوار تھے، موٹر سائیکل اپنی مخصوص لین میں تھی، کار نے فاسٹ لین سے انتہائی بائیں جانب آتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، اسی حادثے کی لپیٹ میں فٹ پاتھ پرمبینہ طور پر افطار کے لئے بیٹھے میاں بیوی بھی آ گئے۔پولیس کے مطابق کار ڈرائیور کی کم عمر ہے جس کی بنا پر وہ گاڑی چلانے کا اہل نہیں تھا، کار کی رفتار تقریبا 120کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جو محفوظ حد سے کہیں زیادہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور کے دعوے کی تصدیق موٹر وہیکل انسپکٹر کرے گا، یہ واضح نہیں کہ ٹائر حادثے سے پہلے پھٹا یا بعد میں، موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ نہ پہننے کی بھی خلاف ورزی کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نابالغ اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کو گاڑی دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ شب شارعِ فیصل تھانے کی حدود فیصل بیس کے قریب افطار کے وقت تیز رفتار کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر فٹ پاتھ پر بیٹھے خاتون اور مرد پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جن کی شناخت 30سالہ ایاز اور 25سالہ اقصی کے ناموں سے ہوئی ہے۔