ننکانہ صاحب (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر رائوکی زیرصدارت بیساکھی میلہ کے انتظامات کا خصوصی اجلاس کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسر بھی شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بیساکھی کی تقریبات 10 سے 12 اپریل تک جاری رہیں گی۔ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ننکانہ صاحب کی انتظامیہ بہترین اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام ادارے گوردوارہ جات میں انتظامات کو حتمی شکل دیں۔ تقریبات کے دوران محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ ہو نگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی ادارے عید ، ایسٹر اور بیساکھی کی تقریبات کے لیے ڈیوٹی روسٹر جاری کریں اور آپسی کوارڈینیشن کو یقینی بنائیں۔ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے ، تمام ادارے انتظامات بارے سرٹیفکیٹس جمع کروائیں۔