لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) بارشوں کی کمی کے بعد ممکنہ خشک سالی سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے پنجاب نے احتیاطی تدابیر سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنر، ڈی سیز اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں موسم سرما میں 38 فی صد بارشیں کم ہوئیں جس کے سبب بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں خشک سالی کا امکان زیادہ ہے۔ ربیع سیزن کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ چاول کی پیداوار متاثر ہونے سے کسانوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ کسانوں کو ممکنہ آبی قلت کے خدشے سے متعلق پیشگی آگاہ کیا جائے جبکہ تھل اور چولستان میں پانی کی متوقع کمی کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات مکمل ہیں، اس لیے انتظامیہ الرٹ رہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں خشک سالی سے زراعت متاثر ہوگی، بیماریوں کا بھی خطرہ ہے۔ عید کے دنوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت دو سے تین ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ سندھ میں بارشیں معمول سے 63 فیصد کم ہوئیں جبکہ پنجاب اور کے پی میں معمول سے 41 فیصد اور بلوچستان میں53% فیصد کم بارشیں ہوئیں، آگے بھی ہم بارشیں بہت کم دیکھ رہے ہیں۔