بانی پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی کو خیبر پی کے میں مبینہ کرپشن رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت 

پشاور(نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خیبر پی کے میں مبینہ کرپشن اور وزراء کی کارکردگی پر احتساب کمیٹی کو مئی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عمران خان کی ہدایت کے بعد پارٹی کی احتساب کمیٹی نے صوبائی کابینہ کے وزراء کو طلب کرنا شروع کردیا ہے۔ احتساب کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ نے کہا کہ تمام وزراء، مشیر اور معاونین کمیٹی کے سامنے اپنی رپورٹس رکھیں گے۔  فنڈز اور ان کے استعمال سے متعلق معلومات دیں گے، یہ عمل مکمل کرکے مئی کے پہلے ہفتے میں رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو دی جائے گی۔ خیبر پی کے حکومت کیخلاف کرپشن اور بے ضابطگیوں کے انکشافات ہوئے ہیں۔ صوبائی حکومت کی  گندم خریداری میں میگا کرپشن کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے مبینہ طور پر گندم خریداری کیلئے تین فرنٹ مینوں کو خریداری کا ٹھیکہ دیا۔  فرنٹ مینوں کے ذریعے پنجاب سے سستی گندم خرید کر خیبر پی کے محکمہ فوڈ نے مہنگی فروخت کی۔ ڈی آئی خان کیلئے ساڑھے 24 میٹرک ٹن گندم خریداری میں خزانے کو کروڑوں کا ٹیکہ لگایا گیا۔ نیب نے وزیراعلیٰ کیخلاف مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع کر دیں۔ نیب کے مطابق خیبر پی میں سیکرٹری ریونیو سے خط وکتابت کے ذریعے پٹواریوں کی سیٹوں کو 24  سے 36 کر دیا گیا۔ پٹواریوں کی بھرتی کیلئے اخبار میں اشتہار بھی نہیں دیا۔ ڈی آئی خان میں پٹواریوں کی بھرتیوں میں بھی کروڑوں کی رشوت کا انکشاف ہوا ہے۔ گنڈا پور کے فرنٹ مین لطیف نیازی اور نواز نے رشوت کی رقم وصول کی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے اپنے خط میں لکھا  کہ بے نظیر  نشوونما پروگرام کو روک دیا گیا۔ بے نظیر نشوونما نیوٹریشن کے تحت ملنے والی خوراک  لوکل مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر فروخت کی گئی۔ بے نظیر نشوونما  پروگرام کے تحت کام کرنے والے سٹاف کی تنخواہوں کی رسیدیں نہیں پیش کی گئیں۔ گنڈا پور نے مبینہ طور پر بھرتی کی مد میں فی امیدوار ایک کروڑ روپے وصول کئے۔ پٹواریوں کی بھرتی میں مبینہ طور پر 33 کروڑ 60 لاکھ روپے رشوت وصول کی گئی۔ جن امیدواروں کو وزیراعلیٰ نے مبینہ طور پر نامزد کیا انہیں کو پٹواریوں کی سیٹوں پر بھرتی کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن