لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گذری پولیس کے اے ایس آئی ندیم پر مصطفیٰ قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کی سہولت کاری کے الزامات سامنے آنے کے بعد سی آئی اے پولیس نے اس سے پوچھ گچھ کی اور چھوڑ دیا۔ ذرائع نے کہا کہ اے ایس آئی ندیم نے تفتیش کاروں کو بیان دیا کہ ملزم ارمغان پر مقدمات تھے جن میں وہ ضمانت کروا چکا تھا، ارمغان پر کیسز کی تفتیش کے سلسلے میں اس سے رابطہ ہوا میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہا ہوں۔ سی آئی اے پولیس نے کہا کہ دوبارہ اگر ضرورت پڑی تو اے ایس آئی ندیم کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کریں گے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جبوبی کی عدالت کے روبرو ملزم ارمغان اور شیراز کو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی نااہلی کے باعث گواہاں کے بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے۔ عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ گواہوں کے بیانات قلم بند کرانے سے پہلے ملزمان کے وکلاء کو نوٹس دیا تھا۔ کیس کے گواہان کو آج دوبارہ پیش کیا جائے۔ عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو نوٹس جاری کردیئے۔ دریں اثناء انسداد منشیات عدالت نے مصطفیٰ قتل کیس میں ملزم کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزم ارمغان کیخلاف منشیات کے 2 کیسز میں چالان پیش کر دیا گیا۔ جس میں کہا گیا ملزم نے یکم جولائی 2017ء سے 24 اپریل 2019ء تک 9 پارسل اپنے اور اپنے والد کے نام پر منگوائے تھے۔ ملزم ارمغان پر 8 سال سے ویڈ منگوا کر نشہ کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔