لاہور ( نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب اور گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب کے موقع پر پنجاب پولیس نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، آئی جی پنجاب نے سکیورٹی پر مامور پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کریں اورکسی بھی غیر متعلقہ شخص کو پنجاب اسمبلی کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس ٹیمو ں نے پنجاب اسمبلی،گورنر ہاؤس سمیت دیگر حساس مقامات پر ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ امن و امان کی فضا خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہ دی جائے۔