پشاور(بیورو رپورٹ)صوبائی دارالحکومت پشاور میں مبینہ طور پر نامعلوم ملزمان نے لیڈی پولیس کانسٹیبل کو فائرنگ کرکے قتل کردیاجبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور ابتدائی طور پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ شاہپور کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر نامعلوم ملزمان نے لیڈی پولیس کانسٹیبل مسماۃ (ت) زوجہ رحمت پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں وہ لگ کر موقع پر ہی جان کی بازی ہارگئی جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی رورل مختیار علی اور دیگر مقامی تفتیشی افسران نے موقع پر پہنچ نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے خالی خول و دیگر شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ لیڈی پولیس اہلکار ضلع چارسدہ پڑانگ میں تعینات تھی،واقعہ سے متعلق اصل حقائق جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔