عمران پرحملے کے ملزم نوید کو  2 مرتبہ عمر قید، 15 لاکھ جرمانہ 

گوجرانوالہ +وزیر آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ مرکزی ملزم کو قتل اور دہشت گردی کی دفعات میں دو مرتبہ عمر قید اور مجموعی طور پر 15 لا کھ روپے جرمانے کا حکم، عدالت نے دو ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی پر تھانہ سٹی وزیرآباد کے علاقہ میں لانگ ما رچ کے دوران حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔ سپیشل جج نعیم سلیم نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم نوید کو معظم کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت دو مرتبہ عمر قید اور مجموعی طور پر 15 لاکھ جرمانے کا حکم سناتے ہوئے حملہ میں چار زخمیوں کی حد تک ملزم نوید کو 3 سے 5 سال قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔ عدالت نے شریک ملزموں طیب جہانگیر بٹ اور وقاص کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا۔ پراسکیوشن نے ملزم طیب جہانگیر بٹ کے خلاف کوئی گواہ عدالت میں پیش نہیں کیا، ملزم نوید کے خلاف تمام سزائیں اکٹھی چلیں گی، ملزم نوید نے 7 نومبر 2022ء کو پی ٹی آئی کے لا نگ مارچ پر وزیر آباد تھانہ سٹی کی حدود میں فائرنگ کی تھی، فائرنگ کی زد میں آ کر بانی پی ٹی آئی سمیت پی ٹی آئی کے مقامی رہنما زخمی ہوئے تھے۔ فائرنگ کے واقعہ میں شہری معظم گولی لگنے سے جاں بحق ہوا تھا۔

ای پیپر دی نیشن