پابندیاں ختم کی جائیں، پرامن جوہری پروگرام کے موقف پر قائم، ایران: امریکہ سے تیسرا مذاکراتی دور ختم

عمان (نوائے وقت رپورٹ) عمان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا تیسرا دور اختتام پذیر ہو گیا۔ عمانی وزیر خارجہ بدر البو سعیدی کے مطابق امریکہ ایران بات چیت اگلے ہفتے بھی جاری رہے گی۔ تین مئی کو ملاقات اعلیٰ سطح پر ہو گی۔ اس ملاقات میں بنیادی اصول‘ اہداف و تکنیکی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی وفد کی سربراہی مشرق وسطیٰ کیلئے امریکی نمائندے اسٹبیووٹکوف نے کی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران اور امریکہ کی ماہرین سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ ماہرین کی سطح پر ممکنہ جوہری معاہدے کے فریم ورک پر بات کی گئی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ماہرین کی سطح پر بات چیت کافی مشکل‘ پیچیدہ اور سنگین ہے۔ ایران غیرمنصفانہ پابندیوں کے خاتمے کے مؤقف پر قائم ہے۔ پرامن جوہری پروگرام کی یقین دہانی کرانے کے مؤقف پر بھی قائم ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکہ سے بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ہم مطمئن ہیں۔ آئی اے ای اے کے ماہرین بھی مذاکرات میں شامل ہو سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن