ورلڈبنک بھارت کے ساتھ آبی تنازعہ کے حل کے لیے اگلے ماہ اجلاس طلب کرے:پاکستان

واشنگٹن(آن لائن) پاکستان نے ورلڈ بنک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پانی پر پاکستان بھارت تنازع کے حل کے لیے اگلے ماہ مذاکراتی عمل کے آغاز میں اپنا کردار ادا کرے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کی جانب سے متنازع کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے کی تصدیق کے بعد ورلڈ بنک سے اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے دو بڑے بھارتی منصوبوں پر اسلام آباد کے تحفظات سندھ طاس معاہدہ 1960 کی روشنی میں دور کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ورلڈ بنک کے ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد اور نئی دہلی کے مابین پانی کے تنازع کو سازگار ماحول میں حل کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔رواں ہفتے عالمی بنک کی جانب سے این سولومون کی سربراہی میں وفد جائزہ لینے کے لیے بھارت روانہ ہو چکا ہے تاہم گزشتہ ہفتے وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ورلڈ بنک کے منیجنگ ڈائریکٹرسے واشنگٹن میں ملاقات کرکے تنازع کے حل پر زور دیا۔مذکورہ ملاقات کے بعد پاکستان نے ورلڈ بنک سے واشنگٹن میں باقاعدہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بھارت کے متنازع ڈیم سے متعلق اسلام آباد اپنا موقف پیش کر سکے۔

ای پیپر دی نیشن