لاہور ( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحولیاتی ویژن کے تحت صوبے بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ ماحولیات (ای پی اے) نے غیر قانونی بھٹوں، پلاسٹک بیگز اور آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ۔ای پی اے کی کارروائیوں میں پنجاب کے مختلف شہروں میں 4 غیر قانونی نان زگ زیگ بھٹے گرائے جا چکے ہیں، جن میں بھکر اور راولپنڈی میں 2، سرگودھا میں 3، بہاولپور میں 4 اور لودھراں میں 13 بھٹے شامل ہیں۔ حکام کے مطابق زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے مزید بھٹوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رہے گی۔پنجاب میں غیر قانونی پلاسٹک بیگز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران صوبے بھر میں 3,057 دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز کا معائنہ کیا گیا، جبکہ غیر قانونی پلاسٹک بیگز فروخت کرنے پر 195 کاروباری مراکز کو نوٹس جاری کیے گئے۔ماحولیاتی تحفظ کے تحت 16.1 ٹن غیر قانونی پلاسٹک بیگز ضبط کر لیے گئے، جبکہ پلاسٹک آلودگی کے خلاف 17 مقدمات درج کیے گئے اور 1.4 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ صنعتی آلودگی، غیرقانونی بھٹوں اور پلاسٹک بیگز کے خاتمے کے لیے سخت ایکشن جاری رہے گا، جبکہ حکومت ماحولیاتی بہتری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ''درخت لگائیں، ماحول بچائیں'' کے پیغام کے ساتھ عوام کو بھی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی بہتری میں ہر فرد اپنا کردار ادا کر سکے۔