فٹبال کے ذریعے اسٹریٹ چلڈرن کی بحالی کے عنوان سے پانچ روزہ کیمپ اختتام پذیر

اسلام آباد (خبرنگار)اسلامی دنیا کی تعلیمی سائنسی و ثقافتی تنظیم (ICESCO)اور پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو کے اشتراک سے فٹبال کے ذریعے اسٹریٹ چلڈرن کی بحالی کے عنوان سے پانچ روزہ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا کیمپ نیشنل اسکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ کیمپ میں وفاقی دارالحکومت کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد بچوں نے شرکت کی۔ کیمپ میں فٹبال کی تربیت کے ساتھ ساتھ نفسیاتی معاونت، طبی معائنہ، اور زندگی کے بنیادی ہنر سکھائے گئے۔ اس کا مقصد معاشرتی انضمام، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور غیر رسمی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا تھا۔اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور بین الاقوامی شراکت داروں نے بھی شرکت کی۔ وزیرِ مملکت نے PNCU کی جانب سے معاشرے کے کمزور اور محروم طبقے کے لیے اس بامقصد اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوانوں کو ایک بہتر مستقبل کی طرف گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن