کرونا وباء کے باعث سکول بند‘ غریب طالبات وظائف سے محروم 

ملتان( خصوصی رپورٹر) غریب طالبات پر تعلیم کے دروازے بند‘ پنجاب حکومت رواں سال 4 لاکھ طالبات کو وظیفے کے فنڈز تو نہ دے سکی مگر اب ان فنڈز کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے دیگر منصوبوں پر خرچ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق دور حکومت میں سرکاری سکولوں میں طالبات کی 80 فیصد حاضری کو یقینی بنانے کے لئے ماہانہ وظیفے کا پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت ہر ماہ فی طالبات کو 1 ہزار روپے مہینہ وظیفہ دیا جاتا تھا جس کے لئے سالانہ 5اعشاریہ 8 ارب روپے کے فنڈز اس سال بھی طالبات کے وظائف کیلئے رکھے گئے تھے ذرائع کا کہنا ہے کہ وظائف کے لئے مختص بجٹ کے اجراء کے لئے محکمہ سکول ایجوکیشن نے متعدد بار خط بھی لکھے انہیں بجٹ جاری ہی نہ کیا گیا محکمہ سکول ایجوکیشن کے خطوط پر بھی محکمہ خزانہ نے فنڈ جاری نہ کئے موجودہ دور حکومت میں دو سال سے یہ فنڈ طالبات کو نہیں دیئے جا رہے۔ محکمہ خزانہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے باعث بیشتر سکول بھی بند رہے جس کے لئے اس سال یہ فنڈ سکولوں کو نہیں دیئے جا رہے ۔ 

ای پیپر دی نیشن