راولپنڈی(جنرل رپورٹر)کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال، راولپنڈی میں کلینیکل سائیکالوجسٹ اور سربراہ شعبہ نفسیات ڈاکٹر حاجرہ وحید کیانی کی زیر نگرانی ڈیمینشیا آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، کیمپ کا مقصد ڈیمینشیا (یادداشت کی کمزوری)سے متعلق شعور بیدار کرنا، اس کی ابتدائی علامات، حفاظتی تدابیر، اور بر وقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا،کیمپ میں 100 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کیمپس کے طلبا و طالبات نے بھی اپنے اساتذہ ڈاکٹر عروج مجیب اور ڈاکٹر محمد سیف کے ہمراہ شرکت کی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل قمر الحق نور اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر سلیمان شاہ نے بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر حاجرہ وحید کیانی اور رضاکاروں سے ملاقات کی اور اس کاوش کو سراہا،ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل قمر الحق نور نے مہمانوں اور ڈاکٹر حاجرہ وحید کیانی کو شیلڈز پیش کیں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر سلیمان شاہ نے SZABIST یونیورسٹی کے تمام رضاکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں تاکہ ان کی شرکت اور محنت کو تسلیم کیا جا سکے۔