ڈی جی والڈ سٹی  اتھارٹی کامران لاشاری مستعفی‘ استعفیٰ عدالت میں پیش

لاہور (این این آئی+ خبر نگار) ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، استعفیٰ چیئرپرسن والڈ سٹی وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھجوا دیا گیا۔ استعفیٰ کے متن کے مطابق ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے کہا کہ میرے لئے عزت کی بات ہے کہ میں نے ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ میں نے پوری امانت داری سے کوشش کی کہ پاکستان کے کلچر کو فروغ دیا جائے، کلچر کے ذریعے دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھایا جائے، تاہم کچھ ذاتی وجوہات کی وجہ سے ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا۔ سیکشن 6 والڈ سٹی ایکٹ 2012ء کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے مستعفی ہو رہا ہوں۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری کی جانب سے مغلیہ دور کے شاہی قلعہ، شالامالار باغ سمیت تاریخی عمارتیں آثار قدیمہ کو واپس دینے پر استعفیٰ دیا گیا۔ شاہی قلعہ میں 1950ء کے رولز میں ترمیم کے بغیر میرج فنکشن استعفیٰ کی وجہ بنے، ڈی جی والڈ سٹی کی قدیم لاہور کے گرد تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی استعفیٰ کی وجہ بنا۔ علاوہ ازیں  ہائیکورٹ میں کامران لاشاری اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، سرکاری وکیل نے شالیمار باغ سمیت چار تاریخی مقامات کا انتظامی کنٹرول آثار قدیمہ کو دینے کا نوٹیفکیشن بھی عدالت میں پیش کر دیا،عدالت میں وکیل پنجاب حکومت نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے استعفیٰ دے دیا ہے نقل عدالت میں پیش کر دی گئی ہے، وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کنٹرول صرف کاغذی کاروائی کی حد تک دیا گیا ہے، جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اگر اس میں کوئی ملوث ہوا تو اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن