وطن عزیز میں پاکستان بنانے والوں کے وژن کا شدید فقدان ہے،ڈاکٹر جمال ناصر

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)سابق صوبائی وزیر صحت اور معروف سماجی راہنما ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں پاکستان بنانے والوں کے ویژن کا شدید فقدان ہے۔ہم گفتار کے غازی تو ہیں مگر کردار کے غازی نہیں بن سکے اوریہی وجہ ہے کہ ہم مسائل کے اندر گھرے ہوئے ہیں. انہوں نے ان خیالات کا اظہار انجمن فیض الاسلام فیض آبادمرکز میں یوم اقبال اور انجمن کے یوم تاسیس کی مشترکہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا. صدر انجمن پروفیسرڈاکٹر ریاض احمدنے تقریب کی صدارت کی جبکہ سینئر نائب صدر انجمن محترمہ اظہارفاطمہ، نائب صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر)میاں جمیل اطہر، جنرل سیکریٹری پرویز اختر، راجہ صابر حسین، طاہر ضیا، بزم عروج ادب کے سربراہ نعیم اکرم قریشی، ماہر تعلیم پروفیسر انعام، پرنسپل صاحبان شبیراحمد ستی، محمد فاروق قریشی' مسز مسرت شفیق، نسیم نازنین، زین العابدین، اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ڈاکٹر جمال ناصر نے کلام اقبال کی روشنی میں مسلمان اور مومن کا فرق واضع کرتے ہوئے کہا کہ مومن کا سب سے بڑا ہتھیار اس کا اللہ اور اسلامی تعلیمات پر ایمان و ایقان ہوتا ہے جس کے آگے تمام مشینی اسباب کمزور پڑ جاتے ہیں  پروفیسر ڈاکٹرریاض احمد نے اپنے خطبہ صدارت میں کہا کہ قائد اعظم محمدعلی جناح نے پاکستان سے چار سال پہلے انجمن فیض الاسلام کا ادارہ بنایا تھا جہاں یتیم بچوں کی پرورش کا اہتمام کیا گیا اور آج یہ ادارہ ایک تناور درخت بن کر معاشرے کی ہمہ جہت خدمت کر رہا ہے ۔نعیم اکرم نے اپنے خطاب میں طلبہ سے کہا کہ وہ قائد اور اقبال جیسے راہنماں کو اپنا ہیرو بنائیں اور ان کے کردار کا مطالعہ کرکے اسپر عمل پیرا ہوں ۔

ای پیپر دی نیشن