لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ بیماروں کا علاج ‘ دکھی انسانیت کی خدمت اللہ کے نزدیک مقدس پیشہ ہے ۔" ہیلتھ پروفیشنلز کواسی پس منظر میں مریضوں کی خدمت کرنی چاہیے ۔‘ والدین نومولودکومعذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرورپلوائیں یہ انکی جانب سے بچے کیلئے پہلا تحفہ ہوگا‘ پولیو مہم مزید 4روز جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے شعبہ ایمرجنسی میں مریضوں کو فراہم طبی سہولیات کا جائزہ لیتے اور نومولود بچوں کو پولیو ویکسین پلاتے ہوئے کیا۔ انہوںنے ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کودن میں دو مرتبہ شعبہ ایمرجنسی کا راؤنڈ کرکے رپورٹ ایم ایس کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران شعبہ حادثات میں 25671مریضوں کو بغیر پرچی فیس طبی سہولیات مفت فراہم کی گئیں،پولیو مہم کے پہلے3 روز میں 1299بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے جبکہ ایل جی ایچ میں پولیو ویکسین پلانے کیلئے7کاؤنٹرز موجود ہیں۔