پاک فوج کی یوم پاکستان پر  قوم کو مبارکباد، نغمہ جاری

  راولپنڈی (آئی این پی )23مارچ  یوم پاکستان  کی مناسبت سے جوش،جذبے اوریکجہتی سے بھرپور  آئی ایس پی آر کی جانب سے نغمہ جاری کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے  23 مارچ کے حوالے سے خصوصی ملی نغمہ جاری  کیا ۔ ترقی، امن اور استحکام کے پیغام کے ساتھ خصوصی نغمے کے بول میرے محبوب پاکستان،میری  جان پاکستان ہیں۔عمران رضا کے لکھے ملی نغمے کو مشہور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے،نئے ملی نغمے کا خصوصی  پیغام، ایک دل، ایک جان، ایک پاکستان ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس  نے قوم کویومِ پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں یوم پاکستان کے موقع پر  سروسز چیفس نے کہا ہے کہ 23 مارچ وہ دن جب ایک آزاد وطن کے قیام کا خواب حقیقت میں ڈھلنے کی راہ پر گامزن ہوا۔ اعلامیے میں سروسز چیفس نے کہا کہ یہ دن ہمارے ایمان، امید اور ثابت قدمی کی علامت ہے، جو پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے، پاکستان جمہوری اقدار اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

ای پیپر دی نیشن