لاہور(نامہ نگار + نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے زیراہتمام بیگم نصرت بھٹو کی 96ویں سالگرہ آج23مارچ ملک بھر میں جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام کیک کاٹنے کی تقاریب ہوں گی اورپارٹی رہنما اور کارکن مادر جمہوریت کی جدوجہد پر روشنی ڈالیں گے۔پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاؤن میں بھی اس حوالے سے بھٹو لیگسی فاؤنڈیشن کے تحت سالگرہ تقریب کا شام5بجے اہتمام کیا گیا ہے۔بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ضیاء آمریت میں مادر جمہوریت کی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا لازوال باب ہے،جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ بیگم بھٹوآمریت اور جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت اورجمہوریت پسندوں کے لیے ایک مستقل تحریک کا ذریعہ رہیں گی۔سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ مادر جمہوریت کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی جدوجہد کی تاریخ نامکمل رہے گی۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بلاول بھٹو نے بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ بلاول نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں ان کی نانی بیگم نصرت بھٹو کی دی گئی قربانیاں بے مثال ہیں اور جیالوں سمیت عوام کیلئے حوصلے اور رہنمائی کا ایک عظیم ذریعہ ہیں۔