لاہور (خبرنگار) سول کورٹ میں ڈینیئل پرل اغوا اور قتل کیس کے مبینہ کردار اور تنظیم مسلم آف امریکہ کے سربراہ مرحوم سید مبارک علی شاہ گیلانی کی دو بیویوں کے مابین 5 کروڑ روپے مالیتی ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی۔ سول جج محمود عالم نے مدعی زینب گیلانی کے وکیل سے 24 فروری کو دلائل طلب کرلئے۔ عدالت نے مدعی کے وکیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ تیاری کرکے کیوں نہیں آئے؟۔ وکیل مدعا علیہ عبداللہ ملک نے موقف اپنایا کہ تھانے میں بیان حلفی جمع کروانے کے باوجود مدعی زینب گیلانی اور اس کے باپ بیری ایڈم نے مدعا علیہ نائمہ گیلانی کو ہراساں کیا تاکہ وہ ڈر کر وراثت اور تنظیمی اختیارات سے دستبردار ہو جائیں۔ وکیل نے عدالت میں بیری ایڈم کے مجرم ہونے کے بارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن امریکہ کی مصدقہ دستاویزات بھی پیش کیں۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ زینب گیلانی اور اس کے باپ نے اربوں روپے مالیتی وراثتی جائیدادوں اور تنظیم کے انتظامی اختیارات غصب کرلئے ہیں۔ وکیل عبد اللہ ملک نے مزید موقف اپنایا کہ ہتک عزت کا دعویٰ جھوٹا اور بنیاد ہے، لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمہ بھاری جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔