جامشورو: وین کھائی میں گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہو گئی 

جامشورو (این این آئی) دریجی سے بدین جانے والا مزدا ٹرک کھائی میں گرنے سے زخمی ہونے والے مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق جامشورو حادثہ میں 9 افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ زخمی ہونے والے 28 افراد میں سے مزید 4افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد حیدر آباد لائے گئے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے۔ یہ خوفناک حادثہ تھانہ بولاخان کے پہاڑی سلسلے میں بلوچستان اور سندھ کے سنگم پر واقع دریچج سے تونگ کی طرف آنے والے روڈ پر پیش آیا جہاں مزدا گاڑی تیز رفتاری کے باعث پہاڑی سے اترتے ہوئے الٹ گئی۔ حادثے کی شدت اس قدر تھی کہ کئی مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کے مطابق ٹرک تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گر گیا۔ ٹرک میں 40 سے زائد افراد سوار تھے، جو بلوچستان میں گندم کی کٹائی کے بعد واپس آرہے تھے۔ کمشنر حیدرآباد نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق بدین کے گائوں راجوخانی سے ہے۔ مجموعی طور پر اب تک 4 بچوں اور 6 خواتین سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ٹرک حادثے میں 16 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن