لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے ایف بی آر کے آئرس سسٹم کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو نان ایکٹو کے طو رپر ظاہر کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے کہا یہ صورتحال کاروباری برادری میں شدید پریشانی کا باعث بن رہی ہے ۔ صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے کہا کہ ایف بی آر کا سیلز ٹیکس ریٹرن فائلنگ کا نظام حالیہ تبدیلیوں کے بعد شدید دبا ئوکا شکار ہے جس کا خمیازہ ٹیکس دہندگان کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔کسی بھی نئے سسٹم کے اجراء سے پہلے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز کیلئے تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد ہونا چاہیے۔ ایف بی آر کو تجربہ گاہ بنانے کی بجائے ایک ہی بار موثر نظام بنایا جائے۔