دنیا بھر کے کامیاب افرادکی بائیو گرافی کا مطالعہ کریں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ ان افراد میں کافی باتیں مشترک ہوتی ہیں۔ ان عادات میں سب سے خاص سیکھنے کی عادت ہے، کچھ ’نیا‘ سیکھنے کا جنون، جس کیتحت یہ لوگ مختلف کتابوں کامطالعہ کرتے ہیں اور مطالعہ کا یہ شوق ان کی کامیابی کی ضمانت بن جاتا ہے۔ لہٰذا اگر آپ بھی اپنے بچے کے لییکامیاب زندگی کی خواہش رکھتے ہیں تو اسے بچپن ہی سے مطالعہ کا عادی بنائیں۔کسی بھی انسان میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینے کا سب سے بہترین وقت چھوٹی عمر ہے۔ جس طرح آپ بچوں کو بچپن ہی سے اخلاقیات کا درس دیتے ہیں، بالکل اسی طرح مطالعہ میں بھی ان کی دلچسپی پیدا کرنا ضروری ہے۔ لیکن اس سے قبل یہ جاننا ضروری ہے کہ آپ کا بچہ مطالعے میں دلچسپی رکھتا بھی ہے یا نہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کچھ بچے بچپن ہی سے قدرتی طور پر مطالعہ سے لگاوء رکھتے ہیں جبکہ کچھ بالکل اس کے برعکس ہوتے ہیں،یوں سمجھ لیں کتابیں دیکھتے ہی بھاگنے لگتے ہیں۔
اگر آپ اپنے بچے میں مطالعے سے اکتاہٹ کے اسباب جان لیں تو یقیناًآپ کے لیے ان پر قابو پانا اور بچے میں مطالعے کی عادت پروان چڑھنا آسان ہوجائے گا۔ لازمی نہیں کہ ہر گھر میں لائبریری ہو تب ہی مطالعہ کی عادت کو پروان چڑھایا جاسکے، آپ اپنے گھر کی کسی پْرسکون حصے میں کتابوں کے شیلف اور بین بیگ چیئر کے ساتھ بھی مطالعہ کی جگہ بناسکتے ہیں۔یہ بھی لازمی نہیں کہ شروع دن سے ہی بچوں کے ہاتھ میں کتابیں تھماکر ان سے مطالعہ کرنے کو کہا جائے۔ آپ مختلف طریقوں سے ان میں مطالعہ کا رجحان پیدا کریں۔مثلاًجب آپ فلم دیکھ رہے ہوںتو بچوں سے اس فلم میں شامل کرداروں کے نام پڑھوائیں، کسی جگہ جائیں تو بچوں سے مینو پڑھوائیں یا جہاں کہیں کچھ پڑھنا ہو تو کوشش کریں کے بچوں کو بھی اس میں مشغول کریں۔بچے زیادہ تر اپنے والدین سے ہی سیکھتے ہیں، اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے میں مطالعہ کا شوق پیدا ہو تو پہلے خود مطالعہ کرنے کی عادت اپنائیں۔بچپن سے ہی بچوں کے ساتھ مل کر مطالعے کرنے کی عادت کو فروغ دیں، انھیں بتائیں کہ مطالعہ کس طرح کسی بھی انسان کی زندگی یا کامیابی میں مددگار ہوتا ہے۔دن کے فارغ اوقات میں سے ایک یا آدھا گھنٹہ مطالعہ کیلیے وقف کردیں۔ اکثر والدین کتابوں کے مطالعہ کے لیے بیڈ ٹائم (سونے کا وقت ) مقرر کرتے ہیں، یہ وہ وقت ہوتا ہیجب آپ دنیا کے تمام جھمیلوں سے فارغ ہوکر اپنے بچے کے ساتھ پرسکون انداز میں مطالعہ کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔جب آپ کا بچہ کسی کتاب کو مکمل پڑھ لے تو اس سے کتاب کے موضوعات پر گفتگو لازمی کریں، اس سے پوچھیں کہ اسے کتاب کا کون سا حصہ زیادہ پسند آیا اور اس کی کیا وجہ ہے۔یہ تمام گفتگو آپ کے بچے کی اسکلز میں اضافہ کرے گی اور مطالعے میں اس کی دلچسپی بھی بڑھائیگی۔