وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں خصوصی بچوں کو عید گفٹ فراہم کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اس مہم کے تحت عید کی تعطیلات سے قبل 40 ہزار سے زائد خصوصی طلبہ کو عید گفٹ دیے جائیں گے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں معاون خصوصی برائے اطلاعات و ثقافت ثانیہ عاشق نے لاہور کے مختلف اسپیشل ایجوکیشن اداروں کا دورہ کیا اور وہاں موجود طلبہ کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے عید گفٹ پیش کیے گورنمنٹ ڈگری کالج اسپیشل ایجوکیشن جوہر ٹاؤن میں عید گفٹ مہم کا افتتاح کیا گیا جبکہ گورنمنٹ شاداب انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل ایجوکیشن اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے اسپیشل ایجوکیشن نشتر ٹاؤن میں بھی خصوصی طلبہ کو عید کے تحائف دیے گئے ثانیہ عاشق نے ہر کلاس روم میں جا کر خود طلبہ کو عید گفٹ اور مبارکباد کے کارڈ دیے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا تحریری پیغام بھی بچوں کو پڑھ کر سنایا جس میں وزیراعلیٰ نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور عید کی خوشیوں میں ان کے ساتھ شریک ہونے کی خواہش ظاہر کی خصوصی طلبہ نے بھی اپنی معصومیت بھرے انداز میں وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ خصوصی بچوں کی خوشی ان کے لیے سب سے زیادہ اہم ہے اور حکومت پنجاب خصوصی طلبہ کے لیے مزید منفرد اور جدید پراجیکٹس متعارف کروا رہی ہے تاکہ انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اس موقع پر معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے اسپیشل ایجوکیشن کالج کے لان میں ایک پودا بھی لگایا اور خصوصی طلبہ کے ساتھ وقت گزارا