ننکانہ: عدالتی حکم کی خلاف ورزی ‘اسسٹنٹ کمشنر ‘ نائب تحصیلدار سمیت 4 افسر6 مئی کو طلب

ننکانہ صاحب ( نامہ نگار) عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر اور نائب تحصیلدار سمیت 4 افسروں کو طلب کر لیا گیا۔ ننکانہ میں دعویٰ استقرارِ حق پر عدالتی فیصلے کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے پر عدالت نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ سول جج محمد عمران یوسف نے 16 نومبر 2024 کو دعویٰ استقرارِ حق پر فیصلہ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ اور متعلقہ پٹواری کو پراپرٹی کے انتقالات کی تصدیق کا حکم دیا تھا۔ متاثرہ شہری سعید حسن وغیرہ کے مطابق زیریں منزل کا انتقال پہلے ہی ہو چکا ہے، تاہم بالائی منزل کا انتقال تاحال درج نہیں کیا گیا۔ حلقہ  پٹواری نے تمام حقائق پر مبنی رپورٹ بھی جمع کرادی تھی عدالتی ڈگری کی مصدقہ نقل اسسٹنٹ کمشنر کو پیش کیے جانے کے باوجود، نائب تحصیلدار ، گرداوراور دیگر افسروں نے عدالتی حکم پر عملدرآمد سے انکار کر دیا۔ خلاف ورزی پر 19 اپریل 2025 کو مذکورہ افسروں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی، جس پر عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ، نائب تحصیلدار غلام جیلانی، گرداور نوشیرڈوگر اور پٹواری حلقہ کو 6 مئی 2025 کو طلب کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن