پی آئی ٹی بی نے1,117 گریجویٹ ،24ہزارملازمتیںپیدا کیں:فیصل یوسف 

لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ٹیک انکیوبیشن ونگ کے تحت اب تک 1,117 سٹارٹ اپس گریجویٹ ہو چکے ہیں جبکہ 24,000 سے زائد ملازمتیں پیدا کی جا چکی ہیں جو پاکستان بھر میں انٹرپرینیورشپ اور جدت کو فروغ دینے کی جانب نمایاں پیشرفت ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے اب تک ملک کو 298 کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہو چکا ہے جو معاشی استحکام اور ترقی کے امکانات کو واضح کرتا ہے۔ یہ بات پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف و دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران پی آئی ٹی بی ٹیک انکیوبیشن ونگ کے نمایاں پروگرامز جیسے کہ پلان 9، ریجنل پلان 9 اور نیشنل ایکسپینشن پلان آف NICs پر روشنی ڈالی گئی جنہوں نے سٹارٹ اپس کو آئیڈیا سے لے کر عملی جامہ پہنانے تک کے مراحل میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ یہ پروگرامز نوجوان انٹرپرینیورز کو رہنمائی، فنڈنگ تک رسائی اور کاروباری مدد فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ مسابقتی مارکیٹ میں ترقی کر سکیں اور ملک کی ڈیجیٹل معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ اجلاس میں بتایا گیا 34 فیصد سٹارٹ اپس خواتین کی سربراہی میں چل رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد خواتین انٹرپرینیورز کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن