شہدادپور(نامہ نگار) سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے شہدادپور کے مقامی گارڈن میں سن رائیز اسکول کی جانب ایک پر وقار ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی پرنسپل جمیلہ رانی تھی۔ ثقافتی تقریب میں اسکول کے ننھے طلباء روایتی سندھی لباس پہن کر شریک ہوئے، طلباء نے سندھی ثقافت پر مختلف ٹیبلوز پیش کیے اور لوک گیتوں پر رقص کرکے سندھ کی قدیمی تہذیب کے رنگ بکھیر دیئے۔ اس موقع پر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل میڈم جمیلہ رانی نے کہا کہ پاکستان مختلف تہذیبوں سے مالا مال ہے، قدیم تہذیبیں پاکستان کی پہچان ہیں، ثقافتی دن منانے کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان مختلف رنگوں سے جڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ثقافت کے فروغ کیلئے سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں۔