بزنس کمیونٹی فوج اور حکومت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے ، میاں زاہد

کراچی(کامرس نیوز)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج کی قیادت انتہائی ایماندار اور اہل ہاتھوں میں ہے جو کسی صورت ملک میں دہشت گردی کو پروان نہیں چڑھنے دینگے۔ ماضی میں دہشت گردوں سے نرم رویہ رکھ کرحالات میں بہتری کی امید خام خیالی ثابت ہوئی ہے۔ اسی طرح طالبان حکومت کے قیام کو پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے سے جوڑنا بھی اندازے کی غلطی تھی۔ دہشت گردی ختم ہونے کے بجائے بڑھ گئی ہے جس کی پاکستان  بھاری قیمت ادا کر رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد آرمی چیف سید عاصم منیر اور انکی ٹیم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے ہیں اور نہ ہی ملک کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اب عوام کی برداشت کی حد ختم ہو چکی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ گزشتہ روز اوور سیز پاکستانیوں سے اپنے خطاب میں آرمی چیف سید عاصم منیر نے دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر پر واضح کیا کہ جب تک پاکستان  کے غیور عوام فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اس وقت تک وہ ہرمشکل سے نبردآزما ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو بھی پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہوگا اسے عوام کی مدد سے ہٹا دیا جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ آرمی چیف نے بجا طور پر کہا ہے کہ دہشت گردوں کی دس نسلیں مل کر بھی اس ملک کا کچھ نہیں بگاڑسکتیں۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور پاکستان کو ایک پر امن اور ترقی یافتہ ملک بنانے کا عزم کیا ہوا ہے جس میں پوری قوم انکے ساتھ ہے۔ جنرل سید عاصم منیر  نے  بلوچستان کو پاکستان کی تقدیر اور ماتھے کا جھومر جبکہ کشمیر کو بغیر کسی لگی لپٹی کے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ آرمی چیف اورحکومت اندرونی اور بیرونی خطروں سے نمٹنے کے علاوہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کی سرتوڑ کوشش بھی کر رہے ہیں جسکی وجہ سے عالمی ادارے دوبارہ پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی عالمی درجہ بندی بھی بہتر ہو رہی ہے جو خوش آئند ہے۔ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے  پاکستان کی ریٹنگ میں اضافہ موجودہ حکومت کی کوششوں کی کامیابی کا کھلاثبوت ہے۔

ای پیپر دی نیشن