راولپنڈی(جنرل رپورٹر)راولپنڈی کے سٹی،صدر اور کینٹ کے علاقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹر ایمان ظفر،حاکم خان اور الماس صبیح ثاقب نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا ساجد صفدر سے ملاقات کی،مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کروایا گیا، جہاں سینئر مینیجر ایم آئی ایس احسن عظمت ملک اور سینئر مینیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال نے انہیں آپریشنل سرگرمیوں، گاڑیوں کی جی پی ایس ٹریکنگ، شکایات کے ازالے کے سسٹم، اور صفائی کے حوالے سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر جامع بریفنگ دی، اسسٹنٹ کمشنر حاکم خان نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جس کے ذریعے ہم شہریوں کو ایک صاف ستھرا، صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں،ڈاکٹر ایمان ظفر نے کہا کہ صفائی کی بہتری صرف اداروں کی نہیں بلکہ شہریوں کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عوامی شعور اجاگر کرنے اور صفائی کے عمل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ الماس صبیح ثاقب نے کہا کہ کینٹ ایریا میں صفائی کے چیلنجز مختلف نوعیت کے ہیں، لیکن آر ڈبلیو ایم سی کی جانب سے مربوط حکمت عملی اور فیلڈ ٹیمز کی محنت سے بہتری واضح ہے۔ ہم اس پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔