خواتین کی تعلیم میں کامسیٹس یونیورسٹی کی خدمات قابل تحسین ،خالد حسین مگسی

اسلام آباد (نمائندہ  خصو صی)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، خالد حسین مگسی نے حال ہی میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران، انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی میں تیار کردہ جدید ٹیکنالوجیز کی صنعتی ترقی کے لیے اقدامات کو تیز کیا جائے تاکہ ان ٹیکنالوجیز کو عملی طور پر استعمال میں لایا جا سکے ۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کے روز یونیورسٹی کے اپنے پہلے دورے کے دوران ایک بریفنگ کے موقع پر دیں۔خالد حسین مگسی نے خواتین کی تعلیم میں کامسیٹس یونیورسٹی کی خدمات اور کیمپس کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے یہ تجویز دی کہ چونکہ کامسیٹس یونیورسٹی پاکستان کی بہترین اور صف اول کی یونیورسٹیوں میں شامل ہے، اسے اپنے تعلیمی معیار کو مزید وسعت دینے کے لیے بلوچستان اور سندھ جیسے پسماندہ علاقوں میں بھی نئے کیمپس قائم کرنے پر غور کرنا چاہیے، تاکہ ان علاقوں کے طلباء  کو بھی معیاری تعلیم تک رسائی مل سکے۔اس موقع پر، ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کو یونیورسٹی کو درپیش مختلف چیلنجز سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن